کراچی (اسٹاف رپورٹر) — سلیم واحدی آڈیٹوریم ڈی ایل برانچ کلفٹن میں ڈی ایس پیز کی ترقی کے موقع پر ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ، آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے 90 افسران کو ترقی کے رینک لگائے۔
اے این ایف کا ملک گیر منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 4 ملزمان گرفتار
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ خدمت اور صرف خدمت کو اپنا شعار بنائیں، عوام کی جان و مال کا تحفظ اور جرائم کا خاتمہ آپ کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پولیس سے انصاف اور تحفظ کی امید رکھتے ہیں، اس لیے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پولیس کی ترجیحات میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم، دہشت گردی اور کچے کے علاقوں میں اغواء برائے تاوان جیسے جرائم کا خاتمہ شامل ہے جبکہ منشیات کے خلاف بھی جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے سندھ پولیس کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی اور بچوں کی معیاری تعلیم کے لیے حکومتی اقدامات کا بھی ذکر کیا۔
آئی جی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ میرٹ اور شفافیت پر مبنی ترقی سندھ پولیس کا اعزاز ہے، سینیئر افسران کی فہرست کی تیاری میں مشاورت اور شفافیت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ کی جانب سے میڈیکل سہولیات کے لیے دی گئی خطیر رقم پر شکریہ ادا کیا اور تجویز دی کہ سال میں دو مرتبہ ڈی پی سی کی سفارشات پر ترقی کا عمل مکمل کیا جائے۔

