کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر توانائی و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے انویریکس انڈسٹریز کی جانب سے قائم کردہ ENVEREX EV الیکٹرک کار کے پہلے شوروم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر انویریکس انڈسٹریز کے سی ای او محمد زاکر علی، ڈائریکٹر عبدالرحمن اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ وزیر توانائی نے ربن کاٹ کر شوروم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور وہاں موجود الیکٹرک گاڑیوں کا معائنہ کیا۔
مفتی تقی عثمانی کی ایران پر امریکی حملے کی مذمت، نوبیل امن انعام کی نامزدگی پر سوال
کمپنی کے سی ای او نے وزیر کو گاڑیوں کی خصوصیات اور آفٹر سیلز سروسز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ الیکٹرک کاروں کی چارجنگ پورٹ گھروں میں بھی نصب کی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی پیداوار کو سراہتے ہیں اور مکمل تعاون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک کار کی فی کلومیٹر لاگت صرف 4 روپے ہے اور یہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق ماحول دوست انرجی منصوبوں کے فروغ کا حصہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سرکاری جگہوں پر الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے اور نئی عمارتوں میں الیکٹرک چارجنگ کی سہولت لازمی قرار دی جائے گی۔
وزیر توانائی نے کہا کہ صوبے کے بڑے شہروں اور ہائی ویز پر ہر 30 سے 40 کلومیٹر پر چارجنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔ سندھ حکومت ماحول دوست منصوبوں کے لیے خصوصی فنڈ مختص کر رہی ہے اور الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کو ٹیکس میں چھوٹ فراہم کی جائے گی تاکہ سرمایہ کار یہاں مینوفیکچرنگ کریں۔
تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور صوبائی وزیر کو روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی گئی۔
