کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری، مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری اور مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری نے ایران پر امریکی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ عالمی قوانین، انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امریکہ دنیا میں امن کے دعویدار بننے کے بجائے عالم اسلام کی خودمختاری پر حملہ آور ہو رہا ہے۔ کفار مسلمانوں کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے اور وہ امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فوری طور پر امریکہ سے ایران پر حملے کی وضاحت طلب کرنی چاہیے اور عالمی اداروں کی خاموشی بھی لمحہ فکریہ ہے۔
مرکزی صدر بلال عباس قادری نے کہا کہ امریکہ نے ایران پر حملہ کر کے عالم اسلام کے خلاف کھلی جنگ کا آغاز کر دیا ہے اور اب عالمی جنگ کے خطرات بڑھ چکے ہیں۔ تمام اسلامی ممالک کو متحد ہو کر کفار کے خلاف جہاد کا اعلان کرنا چاہیے تاکہ امریکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔
مرکزی سیکریٹری جنرل بلال سلیم قادری نے کہا کہ امریکہ کو یہ حق کس نے دیا ہے کہ وہ کسی بھی ملک پر حملہ کرے۔ اقوام متحدہ کو فوری طور پر امریکہ سے اس جارحیت کی وضاحت طلب کرنی چاہیے اور عالمی برادری کو اس اقدام کی مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ باقاعدہ طور پر ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ میں فریق بن چکا ہے، جس سے دنیا ایک نئے بحران کی جانب بڑھ رہی ہے۔
پاکستان سنی تحریک کے رہنماؤں نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ یکجا ہو کر عالمی سازشوں کے خلاف بھرپور کردار ادا کرے اور اسلامی ممالک کے اتحاد کو مضبوط بنایا جائے۔
