سکھر (اسٹاف رپورٹر) شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر سکھر کے شہریوں کے لیے گڈانی پھاٹک پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو فلائی اوور کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور تقریب میں 100 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا جبکہ شہید محترمہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔
بی ایس کرمنالوجی طلباء کا اے این ایف ہیڈکوارٹرز کا دورہ، منشیات کے خلاف قومی جدوجہد پر بریفنگ
اس موقع پر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1.5 ارب روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہونے والا یہ منصوبہ سکھر کے عوام کے لیے ترقی کا نیا باب ثابت ہوگا۔ فلائی اوور کی لمبائی 700 فٹ اور چوڑائی 40 فٹ ہوگی جبکہ منصوبے میں 3.8 کلومیٹر طویل جدید سڑکوں کی تعمیر اور مرمت شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ بھوسا لائن، مائیکرو کالونی اور قریشی گوٹھ جیسے پسماندہ علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا اور تین لاکھ سے زائد شہریوں کو براہ راست فائدہ پہنچائے گا۔
تقریب میں شرکاء نے محترمہ بینظیر بھٹو کی عوامی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور آکسفورڈ یونیورسٹی یونین کی صدر رہیں، جنہوں نے آمریت کے خلاف جمہوری جدوجہد کی اور عوام کے حقوق کے لیے اپنی زندگی وقف کی۔
میئر سکھر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کے تحت عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھے گی اور سکھر میں ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔
