کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر بھر میں ٹریفک قوانین کے نفاذ کی مہم کے دوران کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے 10 جون 2025 سے اب تک 9442 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ضبط کی جا چکی ہیں۔ یہ گاڑیاں مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث پائی گئیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ضبط کی گئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی خلاف ورزیاں نمبر پلیٹ کے نہ ہونے، غیر معیاری یا فینسی نمبر پلیٹس کے استعمال، گاڑی کی رجسٹریشن نہ ہونے، ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس کی عدم موجودگی اور موٹر سائیکل سواروں کا ہیلمٹ نہ پہننے پر کی گئیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گاڑی چلانا جرم ہے اور اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محکمہ ایکسائز سے اپنی گاڑیوں کی بروقت رجسٹریشن کروائیں، سرکاری معیار کی نمبر پلیٹس کا استعمال کریں، ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں اور موٹر سائیکل پر سوار ہر فرد ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائے۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں جلد متعارف ہونے والے مکمل خودکار ای-ٹکٹنگ نظام اور نظرثانی شدہ جرمانوں کی بنیاد بن رہی ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ نہ صرف جرمانوں سے بچا جا سکے بلکہ سڑکوں پر محفوظ اور پرامن سفر کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
