کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے گلزار ہجری سے بھتہ وصولی میں ملوث دو ملزمان صبور علی اور محمد سلمان عرف جانی سلمان چانڈیو کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کاروباری افراد کو بھتہ کی پرچیاں بھجوا کر اور فون کالز کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر رقم طلب کرتے تھے۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ جون 2025 میں ایک نجی دودھ کی دکان کے مالک کو 50 لاکھ روپے بھتے کی پرچی کے ساتھ دو عدد کلاشنکوف کی گولیاں بھیجی گئیں اور مسلسل فون کالز پر بھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی رہیں۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اس قسم کے جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دی جائے۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
