کراچی: ال کراچی سی این جی آٹو رکشہ اونر ویلفیئر ایسوسی ایشن اور ال اورنگی چنگچی رکشہ اینڈ سی این جی رکشہ ایسوسی ایشن نے 23 جون 2025 بروز پیر کو کراچی پریس کلب پر احتجاجاً بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ایسوسی ایشنز نے مورخہ 20 جون 2025 کو جاری اپنے اعلامیہ میں تمام رکشہ مالکان، ڈرائیور حضرات اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت 11 بجے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
درخشاں پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون ملزمہ گرفتار، آئس برآمد
اعلامیے کے مطابق یہ بھوک ہڑتال دفعہ 144 کے تحت شہر کی 20 اہم شاہراہوں پر رکشوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کے خلاف کی جا رہی ہے، جس سے ہزاروں رکشہ مالکان اور ڈرائیوروں کی روزی روٹی متاثر ہوئی ہے۔ ایسوسی ایشنز نے کہا کہ تمام لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بغیر رکشہ پرامن احتجاج میں شریک ہوں اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ جنرل سیکریٹری عدنان حسین شاہ اور صدر عمران زیدی نے کہا کہ اس نازک موقع پر صبر اور ہوشمندی سے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے اور کسی بھی پرتشدد عمل سے گریز کیا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ پرامن جدوجہد سے انصاف حاصل ہوگا اور تمام ساتھی اس موقع پر بھرپور شرکت کریں گے۔
