ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے علاقے کی نوجوان نسل کی تعلیمی و کھیلوں سے متعلق دیرینہ خواہشات کو حقیقت کا روپ دے دیا، جب گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ماشکیل میں ایک جدید لائبریری اور فٹسال گراؤنڈ کا افتتاح کیا گیا۔
سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جعلی سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی پکڑی گئی ڈرائیور گرفتار
یہ منصوبہ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی سماجی و تعلیمی ترقی میں عملی شراکت کا مظہر ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) تھے، جب کہ رکنِ صوبائی اسمبلی زابد ریکی سمیت معززین، مقامی عمائدین، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
1300 سے زائد معیاری کتابوں، ای بکس، کمپیوٹرز اور ڈیجیٹل اسکرینز سے آراستہ اس جدید لائبریری کو طلبہ کی تحقیقی و علمی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ فٹسال گراؤنڈ کی بدولت علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کا نیا پلیٹ فارم میسر آ گیا ہے۔
تقریب میں ایف سی کی جانب سے علاقے کی 12 مقامی ٹیموں کو اسپورٹس کٹس بھی فراہم کی گئیں، جس پر نوجوانوں نے خوشی و جوش کا بھرپور اظہار کیا۔
مقامی لوگوں نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام سے لے کر تعلیم، صحت اور کھیلوں کے فروغ تک ایف سی کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
