کراچی (اسٹاف رپورٹر): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کی تحریری شکایت پر این سی سی آئی اے کراچی میں انکوائری نمبر 1137/2025 درج کی گئی، جس میں پنجاب اور اندرونِ سندھ کی خواتین کے شناختی کارڈز پر غیر قانونی سمز کی ایکٹیویشن کا انکشاف ہوا۔ یہ سمز کراچی میں زونگ کی ایک فرنچائز پر غیر قانونی طور پر فعال کی گئیں۔
پاکستان اور فلپائن کے تعلقات مستحکم، تجارتی و ثقافتی روابط میں توسیع جاری: فلپائنی سفیر
مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد خصوصی چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے مشتبہ مقام پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے ڈیجیٹل آلات اور دیگر قابلِ جرم مواد برآمد کر لیا گیا۔
ابتدائی تجزیے سے انکشاف ہوا کہ مارچ 2025 کے دوران ملزم نے زونگ فرنچائز کے CRM پورٹل کے ذریعے 1069 سمز غیر قانونی طریقے سے فعال کیں، جن میں سے 895 سمز خواتین کے شناختی کارڈز پر جاری کی گئیں۔
تفتیش کے دوران فرنچائز مالک اور زونگ برانچ مینیجر کا کردار بھی مشکوک پایا گیا اور ان کی مجرمانہ معاونت بھی سامنے آ گئی۔
این سی سی آئی اے نے اس ضمن میں ایف آئی آر نمبر 63/2025 کے تحت ملزم فراز اشرف کے خلاف PECA 2016 کی دفعات 13، 14، 16، 17 اور PPC کی دفعات 419، 420، 109 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
