حیدرآباد، 18 جون 2025: ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کی زیر صدارت محرم الحرام 2025 کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، DIB انچارج انسپکٹر جنید عباسی اور علماء کرام، جلوس و مجالس کے منتظمین اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ایس ایس پی نے تمام شرکاء کا تعارف حاصل کیا اور محرم کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز، تجاویز اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ علماء کرام اور منتظمین نے پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے بعض اہم نکات پر اپنی تجاویز پیش کیں۔
ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، امام بارگاہوں، مساجد، مجالس اور جلوسوں کی نگرانی جدید انداز میں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنے اسٹاف کو الرٹ رکھیں اور بہترین سیکیورٹی پلان کو عملی جامہ پہنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رینجرز کے ہمراہ شہر بھر میں بس اڈوں، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور مسافرخانوں میں سرچ و کومبنگ آپریشنز بھی کیے جائیں گے، جبکہ پولیس کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
ایس ایس پی حیدرآباد نے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن قائم رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محرم ہمیں صبر، برداشت، اخوت اور اتحاد کا درس دیتا ہے، جسے برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
