کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی کا دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے ان کا پُرجوش استقبال کیا گیا۔
سندھ حکومت کی پلاسٹک تھیلیوں پر پابندی؛ کے ایم سی کا بڑا ایکشن، 9 ٹن تھیلیاں ضبط
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے پاک افواج کے کامیاب آپریشن "بنیان مرصوص” کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران دشمن کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کر دیا گیا، جس میں پاک افواج نے حکمت عملی، قربانی اور جذبے سے بھرپور کردار ادا کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ اس آپریشن میں پاکستانی عوام بالخصوص طلباء و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا، جنہوں نے دشمن کے اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کشمیر کو پاکستان کی "شہ رگ” قرار دیا اور کہا کہ بلوچستان کی عوام مذہب، ثقافت اور روایات کے اٹوٹ رشتے کے ذریعے پاکستان سے جڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ "فتنۂ ہندوستان” سے وابستہ چند مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان اور پاکستان کے رشتے کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔
یونیورسٹی کی طالبات اور انتظامیہ نے پاک فوج کو کامیاب عسکری حکمت عملی اور ملک کے دفاع میں شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔
طالبات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج عوام سے ہیں”۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام اور افواج کا رشتہ ہمیشہ سے مضبوط رہا ہے، اور یہ رشتہ مستقبل میں بھی ناقابلِ تسخیر رہے گا۔
طالبات نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے مزید آگاہی سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
