اسلام آباد: وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محترمہ امبرین جان نے آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (APNS) کی نو تشکیل شدہ فیڈرل کیپیٹل کمیٹی (اسلام آباد و راولپنڈی) کے اراکین سے وزارتِ اطلاعات میں ایک اہم اور تفصیلی اجلاس کیا۔ اس اجلاس کی صدارت پاکستان آبزرور کے چیئرمین اور سی ای او جناب فیصل زاہد ملک نے کی۔
ڈاکٹر محمد طفیل این ای ڈی یونیورسٹی کے نئے شیخ الجامعہ مقرر
اجلاس میں وزارت اطلاعات کے سینیئر افسران، بشمول پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، ڈائریکٹر جنرل آئی پی ونگ اشیق حسین شیخ، ڈائریکٹر سہیل آفتاب، ڈپٹی ڈائریکٹر عدنان ارجمند اور ارشد خان نے شرکت کی۔
فیڈرل کیپیٹل کمیٹی میں شامل جناب خوشنود علی خان (روزنامہ صحافت)، وسیم احمد (روزنامہ عوام)، انصار بھٹی (سنٹر لائن)، آغا بلال (ڈان)، عابد مغل (خبریں)، اور سید امجد علی (جنگ) نے وفاقی سیکرٹری سے مختلف اہم امور پر بات چیت کی۔
اجلاس میں میڈیا پالیسی، حکومتی اشتہارات کی منصفانہ تقسیم، واجب الادا ادائیگیاں، نئے اشتہاری نرخوں پر عملدرآمد، پریس رجسٹرار اور پریس کونسل آف پاکستان کے مسائل سمیت متعدد معاملات زیر بحث آئے۔
ابتداء میں اے پی این ایس وفد نے محترمہ امبرین جان کو گریڈ 22 میں ترقی پر مبارکباد دی اور حکومت و میڈیا کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ فیصل زاہد ملک نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے پاکستانی میڈیا کے کردار کو تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے تمام مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کا یقین دلایا اور فوری طور پر پی آئی او اور ڈی جی آئی پی ونگ کو ہدایات جاری کیں کہ واجبات کی ادائیگی اور اشتہارات کی تقسیم کے معاملات پر پیش رفت کی جائے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تمام واجب الادا ادائیگیاں 30 جون 2025 تک مکمل کر دی جائیں گی۔

