کراچی: شدید گرمی سے پریشان شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے کراچی کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جو ایک سے دو روز تک جاری رہ سکتی ہے۔
کیماڑی سعیدآباد میں پولیس کی کارروائی، گٹکا فروش گرفتار، مضر صحت ماوا برآمد
آج شہر قائد میں موسم شدید گرم رہے گا اور درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ سمندری ہوائیں معطل رہیں گی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہونے کے سبب حبس کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب، ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، جنوب مشرقی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی ہے، تاہم ملک کے میدانی علاقے آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔