کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے کورنگی ساڑھے پانچ نمبر سے ٹارگٹ کلنگ، لینڈ گریبنگ، بھتہ خوری اور ڈکیتی میں ملوث ایم کیو ایم (لندن) سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم محمد نورالدین عرف عرشی عرف بابا کو گرفتار کر لیا۔
فنانس بل 2025: ایف بی آر کو گرفتاری و منی لانڈرنگ نوٹس کے اختیارات پر سینیٹ کمیٹی کا شدید ردِعمل
ترجمان رینجرز کے مطابق، گرفتار ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم لانڈھی اور کورنگی میں متعدد ٹارگٹ کلنگ، زمینوں پر قبضے اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف سال 2019 تک قتل کے کئی مقدمات درج ہیں، جبکہ 2021 میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر بھی ایف آئی آرز موجود ہیں۔ ملزم متعدد بار گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
گرفتار ملزم کو برآمد شدہ اسلحے سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔ اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
