ہنوئی: ویتنام میں سمندری طوفان "وٹیپ” کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔
تہران پر اسرائیلی حملے میں شہداء کی تعداد 60 ہوگئی، 20 بچے بھی شامل
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سب سے زیادہ نقصان صوبہ کوانگ تری میں ہوا، جہاں ضلع تریئو فونگ میں دو افراد سیلاب سے بچاؤ کی کارروائیوں کے دوران جان کی بازی ہار گئے، جب کہ ضلع ہائی لنگ میں ایک شخص پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوا۔
ادھر ہمسایہ صوبہ کوانگ بنہ میں 4 افراد اب بھی لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
سیلاب سے زراعت کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 21 ہزار ہیکٹر سے زائد دھان کی فصل پانی میں ڈوب چکی ہے، جب کہ ہزاروں ہیکٹر پر سبزیاں اور مچھلی کے تالاب بھی متاثر ہوئے ہیں۔ بیسیوں ہزار مرغیاں بھی ہلاک ہو گئی ہیں۔
شدید بارشوں اور طغیانی سے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا، کئی سڑکیں بند ہو گئیں، اور کئی دیہی و پہاڑی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق دریاؤں میں پانی کی سطح اب آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے۔
