کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر بھر کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران، علمائے کرام، سماجی و سیاسی رہنما اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
پاکستان کا عالمی پروگرام میں شامل ہونا: بچوں کے کینسر کی مفت ادویات کی فراہمی میں بڑی پیش رفت
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے بتایا کہ محرم کے سلسلے میں سیکیورٹی، سڑکوں کی استرکاری، سیوریج و پانی کی فراہمی، اور دیگر بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جیز پولیس، میٹروپولیٹن کمشنر، ڈپٹی کمشنرز، کے الیکٹرک، کے ڈبلیو ایس سی، بلدیاتی ادارے اور ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا اور ڈی آئی جی ایسٹ عثمان غنی صدیقی نے اجلاس کو سیکیورٹی پلان سے آگاہ کیا جبکہ ڈی آئی جی ٹریفک سید پیرمحمد شاہ نے ٹریفک کے انتظامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں علمائے کرام اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے کمشنر کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بر وقت اجلاس بلانے سے مسائل کے حل میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔
کمشنر کراچی نے تمام اداروں کو ہدایت دی کہ یکم محرم سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں۔ انہوں نے نشتر پارک سمیت مختلف علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی مرمت، اور سیوریج لائنوں کی درستگی کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے پولیس، رینجرز، کے ایم سی، کے ڈبلیو ایس سی، اور دیگر اداروں کو تاکید کی کہ محرم کے دوران بھرپور انداز میں خدمات انجام دیں۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ عیدالاضحی کی طرح اس موقع پر بھی فعال کردار ادا کریں، جبکہ ایس ایس ڈبلیو ایم بی کو خصوصی صفائی کے لیے اضافی اقدامات کی ہدایت دی گئی۔
کے الیکٹرک کو ہدایت دی گئی کہ محرم کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز، اور دیگر اہم افسران بھی شریک تھے۔

