صوبائی وزیر لائیواسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی نے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) سید نجم شاہ سے ملاقات کی، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں محکمے کی نئی ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جامعہ کراچی میں عالمی یومِ ماحولیات پر سیمینار، پلاسٹک بیگز کے خاتمے پر زور
اس اہم اجلاس میں محکمہ لائیواسٹاک کے سیکریٹری ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی اور ڈی جی ڈاکٹر نظیر حسین کلہوڑو نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال 34 جاری اسکیمیں جبکہ 4 نئے ترقیاتی منصوبے بجٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اجلاس میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، حاجی علی حسن زرداری اور سردار محمد بخش خان مہر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے اپنے محکموں سے متعلق ترقیاتی اسکیموں پر سیکریٹریز سے بریفنگز لیں اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔
صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے اس موقع پر کہا کہ لائیواسٹاک اور فشریز کا شعبہ سندھ کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اور اس کے فروغ کے لیے بجٹ میں عملی اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے چیئرمین پی اینڈ ڈی سے درخواست کی کہ زرعی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے مجوزہ نئی اسکیموں کو ترجیح دی جائے۔
