لاہور: کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ سے خصوصی ملاقات کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کی جانب سے معرکہ حق کی یادگار پینٹنگز پیش کی گئیں جن کا کور کمانڈر نے بغور مشاہدہ کیا۔
پولیو کے خاتمے کے لیے قومی عزم ناگزیر ہے، مصطفیٰ کمال
اپنے خطاب میں جنرل فیاض حسین شاہ نے آپریشن بنیان مرصوص کو قوم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی فتح نے پاکستانی فوج کی ہمت اور مہارت کو عالمی سطح پر نمایاں کیا ہے۔ انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بین الاقوامی اور علاقائی اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
کور کمانڈر نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی اور قدیم یونیورسٹی میں آنا ان کے لیے باعث فخر ہے اور اساتذہ کرام کو قوم کے معمار تسلیم کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے نوجوانوں کو ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید علوم کی اہمیت آج کی جنگوں میں نمایاں ہو چکی ہے۔ جنرل فیاض حسین شاہ نے وطن عزیز کو محفوظ اور مستحکم بنانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
