کراچی: عیدالاضحیٰ میں صرف تین دن باقی رہ گئے ہیں، جس کے پیش نظر نادرن بائی پاس پر قائم مویشی دوست منڈی میں خریداروں کا رش اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ کراچی کے نوجوان علی الصبح ہی ٹولیوں کی صورت میں منڈی کا رُخ کرتے ہیں اور جانوروں کی خریداری کے لیے بیوپاریوں سے بھاؤ تاؤ کرتے نظر آتے ہیں۔
مویشی منڈی میں چھوٹے بڑے سبھی خریدار جانوروں کی قیمتوں پر گفت و شنید میں مصروف ہیں، جبکہ بیوپاری مناسب قیمت پر سودا ہوتے ہی جانور کی رسی چھوڑنے کو تیار ہوتے ہیں۔ خریداری ہوتے ہی لوگ جلدی میں جانور سوزوکیوں میں لاد کر گھروں کو لے جاتے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر شہاب علی کے مطابق مویشی دوست منڈی میں اس وقت 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد جانور لائے جا چکے ہیں، جن میں سے ڈیڑھ لاکھ جانور فروخت ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈی 19 اپریل سے فنکشنل ہے اور اس وقت ایک لاکھ کے قریب جانور موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ جانور کراچی والوں کی ایک دن کی خریداری کے لیے کافی ہیں۔
مویشی دوست منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور عید کے قریب آتے ہی منڈی کی رونقیں اور گہما گہمی مزید بڑھ گئی ہیں۔
