سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے مون سون بارشوں کے پیش نظر "رین ایمرجنسی سینٹر” قائم کردیا ہے تاکہ شہر بھر میں کسی بھی ممکنہ خطرے سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل محمد اسحاق کھوڑو کی ہدایات پر نہ صرف غیرقانونی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں بلکہ خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کو فوری خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔
ابراہیم حیدری میں منشیات فروش گرفتار، اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد
ایس بی سی اے کی تکنیکی کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ پرانی و مخدوش عمارتیں بارش کے دوران زمین بوس ہونے، برقی کرنٹ پھیلنے یا آگ لگنے جیسے مہلک حادثات کا باعث بن سکتی ہیں، لہٰذا انسانی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
ایس بی سی اے کے ڈیمالیشن اسکواڈ نے شہر کے مختلف علاقوں جیسے پی ای سی ایچ ایس، پی آئی بی کالونی، گلشن اقبال، ناظم آباد، لیاری اور لیاقت آباد میں غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی اضافی منزلیں، پارٹیشن دیواریں اور غیرقانونی دکانیں منہدم کردیں۔ اختربلڈنگ چاکیواڑہ پر ہنگامہ آرائی کے باعث انہدامی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میں جاری غیرقانونی پروجیکٹ "پرائم گلیکسی” کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں بلڈر کا لائسنس منسوخ، سیکیورٹی ضبط، سائٹ اور بکنگ آفس سیل جبکہ متعلقہ بلڈرز کو بلیک لسٹ کرنے کی کارروائی شامل ہے۔ عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وارث بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے ساتھ کسی قسم کی خریدوفروخت یا سرمایہ کاری نہ کریں۔

