اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے خلاف جاری عالمی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی نو رکنی کمیٹی کو امریکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی قیادت چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
آئی جی سندھ کا لاڑکانہ کا دورہ، کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن آخری مجرم کے خاتمے تک جاری رہے گا
باخبر سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد 2 جون کو امریکہ روانہ ہوگا، جہاں وہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرے گا۔ نیویارک میں وفد کی دو روزہ مصروفیات کا شیڈول طے پا چکا ہے۔
وفد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور سمیت رکن ممالک کے مستقل مندوبین سے ملاقاتیں کرے گا۔
اس کے علاوہ او آئی سی کے رکن ممالک کے اقوام متحدہ میں موجود نمائندوں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی تاکہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کے خلاف پاکستان کا مؤقف پیش کیا جا سکے۔
2 جون کو پاکستانی وفد اقوام متحدہ سے وابستہ بین الاقوامی صحافیوں سے بھی ملاقات کرے گا تاکہ عالمی میڈیا کے ذریعے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا جا سکے۔
وفد نیویارک میں پاکستانی کمیونیٹی سے بھی ملاقات کرے گا اور ان کے مسائل و حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہی فراہم کرے گا۔
نیویارک کے بعد وفد واشنگٹن جائے گا جہاں امریکی حکام اور تھنک ٹینکس کے ساتھ اہم ملاقاتیں شیڈول کی جا رہی ہیں تاکہ پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں بین الاقوامی سطح پر پیش کیا جا سکے۔
