آسٹن ولا نے پریمیئر لیگ کے اہم مقابلے میں ٹوٹنہم کو 0-2 سے شکست دے کر چیمپئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کرنے کی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔ ولا پارک میں ہونے والے اس میچ میں ایزری کونسا اور بوبکر کمارا نے دوسرے ہاف میں گول داغ کر ٹیم کو قیمتی فتح دلائی۔
چیلسی کی مانچسٹر یونائیٹڈ پر فتح چیمپئنز لیگ میں کوالیفائی کرنے کا موقع اپنے ہاتھ میں لے لیا
یہ فتح ولا کو لیگ ٹیبل میں پانچویں پوزیشن پر لے آئی ہے، جب کہ ان کی نظریں اب مانچسٹر سٹی کے خلاف نتیجے پر جمی ہوئی ہیں، جو کہ منگل کو بورن ماؤتھ کے خلاف میدان میں اترے گا۔ اگر سٹی ہار جاتا ہے، تو ولا کے لیے چیمپئنز لیگ میں جگہ پکی کرنے کا موقع بن سکتا ہے۔
ولا نے اپنے آخری چھ میچوں میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کی ہے، اور 25 مئی کو مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف ایک اور جیت کے ساتھ ساتھ سٹی کی ایک اور شکست انہیں ٹاپ فائیو میں پہنچا سکتی ہے۔
کوچ انائی ایمری کا کہنا تھا، "ہم نے جیت حاصل کی اور ہم پوری جان لڑا رہے ہیں، لیکن ابھی کام مکمل نہیں ہوا۔ ہمارے پاس چیمپئنز لیگ میں کھیلنے کا موقع ہے، جو کہ شاندار ہو گا۔”
دوسری جانب ٹوٹنہم کا حالیہ فارم انتہائی مایوس کن ہے، ٹیم مسلسل چھ لیگ میچز میں کامیابی سے محروم رہی ہے اور 17ویں پوزیشن پر ہے۔ کوچ آنج پوسٹیکوگلو نے اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا تاکہ بدھ کو یوروپا لیگ کے فائنل کے لیے تیاری کی جا سکے، لیکن نتیجہ ان کے حق میں نہ آیا۔
ولا کے مداحوں نے میچ سے پہلے 1982 میں جیتی گئی یورپی کپ ٹرافی کی نقل کی نمائش کر کے ٹیم کا حوصلہ بڑھایا۔ دوسری طرف، سون ہیونگ من کی واپسی کے باوجود ٹوٹنہم کا حملہ غیر مؤثر رہا۔
ولا کی جانب سے گولز کا آغاز 59ویں منٹ میں ہوا جب کونسا نے کارنر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند جال میں پہنچائی، جبکہ کمارا نے 73ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے فتح کو یقینی بنا دیا۔
یہ کارکردگی نہ صرف ولا کے حوصلے بڑھاتی ہے بلکہ یورپی فٹبال میں ان کی واپسی کی امید کو بھی روشن کرتی ہے۔
