اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے یومِ تشکر کے موقع پر وزیرِاعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ پُروقار تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر قومی ترانے کی دھن بجائی گئی اور وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ آج کا دن بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں معصوم شہری شہید ہوئے۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن جب بات دفاع کی ہو تو ہم مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کا مکمل حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی بہادر اور پیشہ ور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے دشمن کو اسی کی زبان میں جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا۔
وزیرِاعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
