تشکر ییوز: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کے بزدلانہ میزائل حملے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے تین شہروں پر حملہ کر کے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، جس کا جواب ’’اس سے بڑھ کر‘‘ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت اور ارادہ رکھتا ہے۔
بھارتی حملے میں ایک معصوم بچہ شہید ہوا ہے، جبکہ کئی افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اور جنگی جنون میں مبتلا بھارتی قیادت نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
قبل ازیں، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی کہ بھارت نے آزاد کشمیر کے کوٹلی، مظفرآباد اور پنجاب کے شہر بہاولپور میں میزائل داغے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ مکمل چوکنا ہے اور پاکستان اپنے وقت اور جگہ پر بھرپور جواب دے گا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ’’ہم امن چاہتے ہیں مگر اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پھر فیصلہ میدان جنگ میں ہوگا۔‘‘
