ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہ احمد خان نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر دنیا بھر کے مزدوروں، کسانوں اور محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ طبقہ کسی بھی قوم کی ترقی، معیشت اور خوشحالی کی بنیاد ہوتا ہے، اور ان کے حقوق کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاگیردارانہ سوچ اور سرمایہ دارانہ نظام نے محنت کشوں کو ان کے بنیادی انسانی، معاشی اور سماجی حقوق سے محروم رکھا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہمیشہ ان تمام استحصالی نظاموں کے خلاف کھڑی رہی ہے جو محنت کشوں کے استحصال کا باعث بنتے ہیں۔
طحہ احمد خان نے واضح کیا کہ رنگ، نسل، زبان یا مذہب کی بنیاد پر محنت کشوں میں تقسیم وسائل پر قبضے کی ایک گہری سازش ہے، جس کا مقصد اتحاد کو توڑنا اور حقوق سے محروم رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبری مشقت کا خاتمہ، یونین سازی کا حق اور مساوی مواقع کی فراہمی محنت کشوں کے تحفظ کے لیے لازمی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہر دور میں محنت کشوں کے حقوق کی آواز ایوانوں سے لے کر سڑکوں تک بلند کی ہے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
طحہ احمد خان نے عالمی یومِ مزدور کو حقیقی جمہوریت کی یاد دہانی قرار دیا اور کہا کہ جب تک محنت کش کو اُس کی محنت کا پورا اور باوقار صلہ نہیں ملتا، تب تک کوئی معاشرہ انصاف پر مبنی نہیں کہلا سکتا۔
