ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے غیر ملکی کرنسی، نان کسٹم اشیاء اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی اسمگلنگ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد سلیمان، محمد حسین اور شیخ محمد رفیق کے نام سے ہوئی ہے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، وزارتِ خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا
پہلی کارروائی میں تھائی لینڈ سے آنے والے محمد سلیمان کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے موبائل فون سے غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کے تبادلے سے متعلق آڈیو اور ٹیکسٹ پیغامات برآمد ہوئے، جبکہ اس کے قبضے سے 1 لاکھ چائنیز یان، 35 ہزار 540 تھائی بھات، 77 ہزار پاکستانی روپے کے علاوہ یورو، سری لنکن روپے، ملائیشین رنگٹ، سنگاپور ڈالر اور ہانگ کانگ ڈالر بھی برآمد ہوئے۔
دوسری کارروائی میں دبئی سے آنے والے محمد حسین نامی ملزم کو پکڑا گیا، جس کے سامان سے 5 نان کسٹم پیڈ لیپ ٹاپ، سام سنگ موبائل فون اور شراب کی 3 بوتلیں برآمد کی گئیں۔
تیسری کارروائی میں شیخ محمد رفیق نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا جو بیرون ملک سے غیر رجسٹرڈ ادویات اور اسٹیرائیڈز کی بھاری مقدار میں اسمگلنگ کر رہا تھا۔
ایف آئی اے نے تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

