کراچی : کراچی کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی جانب سے صنعتی زون میں موٹر سائیکل سواروں اور ملازمین کی ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ٹریفک قوانین کے نفاذ پر ایک اہم آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں ایس ایس پی ٹریفک کورنگی سید محمد علی رضا، صدر کاٹی جنید نقی، صنعتکاروں، ٹریفک پولیس افسران اور مختلف فیکٹریوں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ایس ایس پی سید علی رضا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں حادثات کی بڑی وجہ ہیں، جن میں موٹر سائیکل سواروں کا ہیلمٹ نہ پہننا، لین کی خلاف ورزی، سائیڈ مررز کا استعمال نہ کرنا اور موبائل فون کا استعمال شامل ہیں۔ انہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے ورکرز کو لائسنس اور ہیلمٹ کے استعمال کی پابندی کروائیں۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کاٹی کے تعاون سے گرمی کے موسم میں موزوں ہیلمٹ تیار کیے جا رہے ہیں، جبکہ فیکٹریوں کی لوڈنگ گاڑیوں میں ٹریکر، فرنٹ و بیک ویو کیمروں اور سائیڈ گارڈز کی تنصیب کو لازمی قرار دیا جائے گا۔
مزید برآں، ایس ایس پی نے اعلان کیا کہ کاٹی ممبران کی سہولت کے لیے ہر ہفتے دو دن فاسٹ ٹریک ڈیسک قائم کیا جائے گا تاکہ لائسنس سے متعلقہ مسائل فوری طور پر حل ہو سکیں۔
کاٹی کے صدر جنید نقی نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں ٹریفک کی بگڑتی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فزیکل انفراسٹرکچر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کاٹی سماجی فلاح اور عوامی تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہے گی۔
