کورنگی سیکٹر 50/C میں پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ایک زخمی سمیت چار اسلحہ بردار ملزمان گرفتار

کراچی: شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ کورنگی کے علاقے سیکٹر 50/C میں تصویر محل پولیس چوکی کے قریب اس وقت سنسنی پھیل گئی جب دورانِ گشت پولیس پارٹی کا موٹر سائیکل سوار چار رکنی ڈکیت گروہ سے آمنا سامنا ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی جبکہ دیگر تین کو بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کر لیا گیا۔

شناختی کارڈ نمبر ہی ہوگا پاکستان میں میڈیکل ریکارڈ نمبر، عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں انقلاب آئے گا، مصطفیٰ کمال

ایس ایس پی کورنگی محمد طارق نواز کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس چوکی کے انچارج اپنے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ علاقے میں معمول کے گشت پر تھے۔ گھی فیکٹری کے قریب پہنچنے پر چار مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جس پر انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا، جبکہ باقی تین کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت خرم جمال ولد جمال (زخمی)، فیضان حسین ولد مہتاب حسین، جبرائیل ولد نور عالم اور شہزاد ولد شیر مالک کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو عدد ٹی ٹی پستول بمعہ ایمونیشن، چھ موبائل فونز اور دو موٹرسائیکلیں برآمد کیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ملزمان کے زیر استعمال ایک موٹرسائیکل جس کا رجسٹریشن نمبر KIF-2789 ہے، تھانہ زمان ٹاؤن کی حدود سے چوری کی گئی تھی، جب کہ دوسری موٹر سائیکل رجسٹریشن نمبر KQN-4205 بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف پولیس مقابلے اور سندھ آرمز ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ دیگر تینوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ شعبے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کورنگی نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر وقت چوکنا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ انہوں نے پولیس چوکی کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا جرم رونما ہونے سے قبل ہی روک دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے اور امکان ہے کہ وہ دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہوں۔

One thought on “کورنگی سیکٹر 50/C میں پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ایک زخمی سمیت چار اسلحہ بردار ملزمان گرفتار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!