کراچی: پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے قادری ہاؤس میں نجی این جی اوز کے وفد سے ملاقات کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں اور فلسطینیوں پر مظالم کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مسلح دہشت گرد غزہ میں زمینی اور فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ امدادی عملے کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں، جو زخمی مسلمانوں کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔
ثروت اعجاز قادری نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں طبی امداد فراہم کرنے والے طبی عملے کو حراساں کیا جا رہا ہے اور انہیں گرفتار بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو خوراک، پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں اور اسرائیل نے غزہ کے بے گناہ شہریوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار بنا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنی جیلوں میں ہزاروں فلسطینیوں کو قید کر کے ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے۔ ان مظلوموں کو بجلی کے کرنٹ لگا کر تڑپایا جا رہا ہے اور ان کے جسموں کو آگ سے جلایا جا رہا ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ اسرائیلی دہشت گرد جنگی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اور غزہ میں پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بمباری کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے سوال کیا کہ فلسطینی انسان نہیں ہیں؟ اگر ہیں تو ان کے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ اسلام مخالف قوتوں کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور اس صورت حال پر خاموش ہیں۔ غزہ کی صورتحال اس وقت انتہائی پیچیدہ ہو چکی ہے اور اسرائیل نے غزہ کی ساحلی پٹی پر قبضہ کرنا شروع کر دیا ہے، جہاں فلسطینیوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔
ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ عالمی طاقتوں کو فوری طور پر اسرائیل کا ہاتھ روکنا ہوگا ورنہ ایک بڑی جنگ کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیلیوں کا اصل ہدف بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ ہے، اور اس کے تحفظ کے لیے تمام مسلم ممالک کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی ہوگی۔
انہوں نے عالمی سطح پر یہودی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اگر تمام اسلامی ممالک ایک ساتھ کھڑے ہوگئے تو مسلمانوں کے خلاف کسی کو بھی جرات نہیں ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے زخمی، بھوک اور پیاس سے تڑپتے ہوئے مظلوموں کی مدد کی جا سکے۔
ثروت اعجاز قادری نے اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ اپنے بارڈرز کھول کر غزہ کے پناہ گزینوں کی جانیں بچائیں اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا اسلامی فریضہ اور انسانیت کے خلاف جرم سے بچنے کی ذمہ داری ہے۔
