انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن نے سنٹرل پولیس آفس کراچی میں واقع ڈاکٹر محمد علی شاہ آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں شرکت کی، جو حال ہی میں سندھ پولیس کے شعبہ میں اسسٹنٹ سے آفس سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر ترقی پانے والے 64 افسران کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔
فلسطینی مظلوموں سے اظہار یکجہتی، اہل حدیث یوتھ فورس کراچی کا احتجاجی مظاہرہ اور ریلی
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی فنانس و ویلفیئر، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، اسٹیبلشمنٹ، ٹریننگ، آئی ٹی، ویئرہاؤس، آپریشن، لیگل، ایڈمن، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور اسٹریٹیجک مینجمنٹ کے افسران سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام افسران نے ترقی پانے والے ساتھیوں کو مبارکباد دی اور اس اہم سنگ میل کو سراہا۔
اپنے خطاب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی سب سے بڑی ویلفیئر اُس کے ملازمین کی ترقی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی سے نہ صرف ملازمین کا عہدہ بلند ہوتا ہے بلکہ ان کی تنخواہوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جو کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں ایک بڑا سہارا بنتا ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا، "ہماری پوری کوشش ہے کہ باقی افسران کو بھی جلد از جلد ترقی دی جائے تاکہ ادارے کے اندر حوصلہ افزائی کا ماحول قائم رہے۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی صرف عہدے کی تبدیلی نہیں بلکہ ایک نئی ذمہ داری بھی ہوتی ہے جسے دیانت داری اور احساسِ فرض کے ساتھ نبھانا چاہیے۔
انہوں نے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "اللہ نے ہم پر جو ذمہ داری ڈالی ہے، ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم اسے مکمل دیانت داری سے سرانجام دیں۔ آخر کار آخرت میں ہر شخص کا احتساب اس کے عہدے کے مطابق ہوگا۔”
غلام نبی میمن نے پولیس کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، "پولیس کا کام انسان اور انصاف سے جڑا ہوتا ہے۔ ہمارا بنیادی فرض ہے کہ ہم عوام کو انصاف فراہم کریں۔ وسائل محدود ضرور ہیں، مگر اس کے باوجود ہم اپنی نوکری پوری ایمانداری کے ساتھ کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ایک سرکاری ملازم کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے ضمیر سے مطمئن ہو، اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب کام ایمانداری اور نیک نیتی سے کیا جائے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اکثر سرکاری ملازمین اپنی ذمہ داریوں سے انحراف کے لیے جواز پیش کرتے ہیں، جن میں تنخواہ کی کمی سرفہرست ہوتی ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی ملازم زبردستی یا مرضی کے خلاف یہ نوکری نہیں کر رہا ہوتا۔
آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام نئے پروموٹ ہونے والے افسران آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں دل جمعی، لگن اور ایمانداری سے نبھائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو گریڈ 22 میں ترقی پانے پر مبارکباد دی اور ان کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کی کوششوں اور تعاون کو بھی سراہا گیا۔

