کراچی (تشکر نیوز) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے ڈی جی کی ہدایت پر ضلع وسطی میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا مشترکہ کریک ڈاؤن جاری ہے۔
گبول ٹاؤن پولیس کی انٹیلیجنس بیس کارروائی، موٹر سائیکل چوری میں ملوث تین رکنی گروہ گرفتار
بلڈنگ انسپکٹر مبشر خانزادہ کی مدعیت میں گلبرگ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں پانچ ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ نامزد ملزمان میں محمد اسلم، فرحان باری، محمد ارشد، عزیزاللہ جعفر اور محمد سجاد شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق محمد سجاد تاحال مفرور ہے، جبکہ دیگر ملزمان ایف بی ایریا کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہیں۔
دوسری جانب ایس ایس پی سینٹرل زیشان صدیقی کی نگرانی میں غیر قانونی بلڈرز کے خلاف رات بھر آپریشن جاری رہا۔ اس دوران متعدد بلڈرز کو گرفتار کرلیا گیا، جن میں کاشف انڈہ، اویس مبارک، زاہد کالا، فیضان بیٹر، سجاد دنبہ سمیت دیگر شامل ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ گلبرگ، ناظم آباد، اور نارتھ ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ تمام ایس ایچ اوز اور ان کی نفری اس آپریشن میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث کسی بھی فرد کو رعایت نہیں دی جائے گی، اور ایک مکمل فہرست تیار کی جارہی ہے، جس کی بنیاد پر گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

