ترجمان سندھ حکومت اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کے موقع پر کارکنان کے ہمراہ گڑھی خدا بخش روانگی سے قبل ویڈیو بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر سے ہزاروں نوجوان، بزرگ اور خواتین لاڑکانہ روانہ ہو رہے ہیں تاکہ شہید بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔
کراچی: بن قاسم پولیس کی کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث گروہ گرفتار
بیرسٹر ارسلان کا کہنا تھا کہ عوام کا جذبہ اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ آج کا پیغام واضح ہے: موجودہ نازک حالات میں اگر کوئی پاکستان کو بحران سے نکال سکتا ہے تو وہ صرف چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول کے مشکل فیصلوں میں عوام ان کے ساتھ ہے، اور جو لوگ ابہام میں مبتلا ہیں، آج ان کی الجھنیں بھی ختم ہو جائیں گی۔
ترجمان نے دریائے سندھ پر مجوزہ کینال منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا:
"دریائے سندھ پر ایک بھی کینال نہیں بنے گا، نہیں بنے گا۔”
انہوں نے بعض سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ صرف پیپلز پارٹی کی مخالفت کرتے ہیں، نہ کبھی پنجاب حکومت سے کینال منصوبہ نکالنے کا مطالبہ کیا، نہ وفاقی حکومت سے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلوانے کا کہا۔
"آپ منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، لیکن سندھ کے عوام باشعور ہیں اور آپ کی منافقانہ سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔”
روانگی سے قبل کینال روڈ پر نمازِ استغفار ادا کی گئی اور ملک میں خشک سالی کے خاتمے کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔
