کراچی: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ چینی مارکیٹ سے غائب ہے اور ذخیرہ اندوزوں کی وجہ سے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ حکومت کو صرف دعوے کرنے کے بجائے ذخیرہ اندوزوں اور مہنگی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف عملی کارروائی کرنی چاہیے۔
کراچی: سرکاری نرخ نظرانداز، چینی اور انڈے کی قیمتوں میں من مانا اضافہ
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مذہبی تہواروں کے دوران اشیائے خوردونوش سستی کی جاتی ہیں، مگر یہاں صورتِ حال اس کے برعکس ہے۔ حکومت کو بتانا چاہیے کہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف پہلے سے کوئی منصوبہ بندی کیوں نہیں کی گئی؟ اگر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو رمضان کا مہینہ ختم ہونے تک مہنگائی مزید بڑھ جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں اور رمضان المبارک میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کریں۔ کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
محمد شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ کاروباری آسانیوں کے حوالے سے حکومتی اقدامات ناکافی ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری کو کنٹرول کیے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ ملک کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے سنجیدہ ریسکیو آپریشن کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی مشکلات سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ کرپشن اور سود نے غریب عوام کے حقوق سلب کر رکھے ہیں، جبکہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کو متحد ہو کر بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔
