اسلام آباد، 28 فروری 2025: پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس یرموک اپنے ہیلی کاپٹر کے ساتھ بین الاقوامی دفاعی نمائش (IDEX) اور بحری دفاعی نمائش (NAVDEX) 2025 میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچا۔ اس بین الاقوامی ایونٹ میں 65 ممالک نے شرکت کی، جبکہ 8 ممالک کے بحری جہاز بھی اس کا حصہ بنے۔
الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کسٹم افسران پر چوری کا الزام، مقدمہ درج کرانے کا اعلان
متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ پر آمد کے موقع پر پاکستان کے سفیر اور IDEX/NAVDEX کمیٹی کے سربراہ نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران، پی این ایس یرموک کے کمانڈنگ آفیسر نے نمائش میں شریک مختلف غیر ملکی شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جہاز کو عوامی وزٹ کے لیے کھولا گیا، جہاں مسلح افواج، کاروباری حلقے اور کارپوریٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے اس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری و بقائے باہمی، رومانیہ اور یمن کے وزرائے دفاع، رومانیہ کی نیول فورس کے سربراہ، مصر کی بحریہ کے چیف آف اسٹاف، رائل سعودی نیول فورسز کے کمانڈر، رائل بحرین بحریہ کے کمانڈر اور ڈیمین شپ یارڈ کے سی ای او سمیت مختلف بحری قیادت نے پی این ایس یرموک کا دورہ کیا۔
مزید برآں، پی این ایس یرموک نے سیکرٹری دفاعی پیداوار، پاکستان کے سفیر، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نمائندوں اور بین الاقوامی و پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات کی میزبانی بھی کی۔
پاکستان کی بحری دفاعی نمائش میں شرکت اس کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مضبوط دفاعی تعلقات اور عالمی سطح پر میری ٹائم سیکیورٹی میں اس کے فعال کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ بندرگاہ سے روانگی کے بعد، پی این ایس یرموک نے متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے جہاز "الامارات” کے ساتھ مشترکہ مشقیں بھی کیں۔

