دبئی تشارک نیوز دبئی کی معروف ریئل اسٹیٹ کمپنی عزیزی ڈیولپمنٹس نے اپنے جدید اور تاریخی منصوبے "برج عزیزی” کی باقاعدہ رونمائی کردی۔ 725 میٹر بلند یہ عظیم الشان ٹاور دنیا کا دوسرا بلند ترین ٹاور ہوگا، جو دبئی کی اسکائی لائن میں ایک نمایاں اضافہ ثابت ہوگا۔
افتتاحی تقریب 18 فروری 2025 کو دبئی کے کوکا کولا ایرینا میں شاندار انداز میں منعقد کی گئی، جس میں 15 ہزار سے زائد معزز مہمانوں، حکومتی عہدیداروں، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات، سفارت کاروں اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ اس تقریب کو مزید یادگار بنانے کے لیے عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ جینیفر لوپیز نے خصوصی پرفارمنس دی۔
چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
عظیم منصوبے کی تفصیلات
برج عزیزی دبئی کے معروف علاقے شیخ زید روڈ پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس کی تکمیل 2028 تک متوقع ہے۔ 131 منزلوں پر مشتمل اس شاندار عمارت میں لگژری ہوٹل، شاپنگ مال، رہائشی اپارٹمنٹس، تفریحی مراکز اور کاروباری دفاتر شامل ہوں گے۔
اس ٹاور کی چند اہم خصوصیات درج ذیل ہیں:
130ویں منزل: دنیا کی بلند ترین آبزرویشن ڈیک
111ویں منزل: سب سے اونچی ہوٹل لابی
126ویں منزل: بلند ترین نائٹ کلب
122ویں منزل: دنیا کا سب سے اونچا ریسٹورینٹ
118ویں منزل: بلند ترین ہوٹل روم
اس کے علاوہ، ہر 20ویں منزل پر خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جن میں سوئمنگ پول، سوانا، جم، یوگا سینٹر، اسپا، بزنس سینٹر، سنیما، کیفے اور سپر مارکیٹ شامل ہوں گے۔
برج عزیزی: دبئی کے شاندار مستقبل کی علامت
عزیزی ڈیولپمنٹس کے بانی اور چیئرمین، میر ویس عزیزی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "دنیا میں روزانہ کئی نئے منصوبے سامنے آتے ہیں، لیکن برج عزیزی جیسا پروجیکٹ صدیوں میں ایک بار بنتا ہے۔ یہ صرف ایک عمارت نہیں، بلکہ دبئی کی ترقی، تعمیراتی مہارت اور عالمی قیادت کی ایک علامت ہے۔”
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور قیادت نے ہمیں اس عظیم منصوبے کی تکمیل کا حوصلہ دیا۔
