کراچی: این ای ڈی المنائی نیٹ ورک (این ای ڈیین) ایسوسی ایشن پاکستان، ماں جی اسکالرشپ انڈومنٹ فنڈ، اور این ای ڈی مینجمنٹ کمیٹی کے تحت این ای ڈی کے سابق طالب علم انجینئر آفتاب رضوی کی کتاب "ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم” کی تقریبِ رونمائی گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد کی گئی۔ دربار ہال میں ہونے والی اس تقریب میں شیخ الجامعہ این ای ڈی ڈاکٹر سروش لودھی، مصنف آفتاب رضوی، انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کے چیئرمین انجینئر سہیل بشیر، اور دیگر عمائدین نے شرکت کی۔
لیاقت آباد میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا اعلان، چنگ چی رکشوں کے رش کے خاتمے کی ہدایت
این ای ڈیین ایسوسی ایشن کے صدر عاصم مرتضی نے استقبالیہ خطاب کیا، جبکہ انجینئر سہیل بشیر اور انجینئر فرحت عادل نے آفتاب رضوی کی اردو ادب سے وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی کتاب "جنھیں میں نے دیکھا” کی آمدنی سے این ای ڈی کے طالب علموں کو اسکالرشپس فراہم کی گئیں، اور نئی کتاب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
مصنف آفتاب رضوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتاب لکھنا کمال نہیں، بلکہ ڈاکٹر سروش لودھی اور سہیل بشیر کا اس کتاب کو اپنانا اصل کمال ہے۔ انہوں نے دنیا بھر سے آئے این ای ڈی کے سابق طالب علموں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خاکے لکھنا اور پڑھ کر سنانا ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی نے اس موقع پر کہا کہ این ای ڈی نے اپنے طلبہ کو عزت، ہمت، اور حوصلہ دیا ہے، اور اس کا احسان اتارنا ممکن نہیں، لیکن اس کا بدلہ نیکی کے کاموں سے دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی میزبانی اور گورنر ہاؤس کی کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماں جی انڈومنٹ فنڈ نیکی کے کسی بھی کام کا منتظر ہے، اور این ای ڈی المنائی کی یہ کاوش دیگر جامعات کے لیے بھی ایک مثال بن سکتی ہے۔
