پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری نے کہا ہے کہ اگر موجودہ حکمران قوم کے ساتھ سچ میں مخلص ہیں تو انہیں عملی اقدامات کر کے عوام کو سہولتیں فراہم کرنی ہوںگی۔ مرکز اہلسنت سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران حکمران عوام کو ریلیف دینے کے لیے صرف زبانی دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کریں۔
بین الاقوامی رسہ کشی کے دن کی مناسبت سے کراچی میں شاندار مقابلے
انہوں نے کہا کہ حکمران صرف یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ مہنگائی پر قابو پا لیا گیا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مہنگائی میں 5 یا 10 فیصد نہیں، بلکہ 200 فیصد سے زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ اس کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ حکمرانوں کا زندگی کے اصل درد سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور انہیں عوام کی مشکلات کا ادراک نہیں۔
علامہ بلال سلیم قادری نے مزید کہا کہ جب بھی کوئی تہوار آتا ہے، بلیک مارکیٹنگ کرنے والے سرگرم ہو جاتے ہیں کیونکہ ان کے خلاف کوئی موثر پالیسی نہیں ہے اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی کارروائی کی جاتی ہے۔ سرکاری محکموں کے کرپٹ افسران بھی ان عناصر کی معاونت کرتے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ بھاری جرمانے عائد کیے جائیں، اور ایسے افراد کی جائیدادیں ضبط کر کے ان کا استعمال قوم کی فلاح کے لیے کیا جائے۔ رمضان کے بابرکت مہینے میں بجلی اور گیس کی بندش کو ختم کیا جائے، کیونکہ غریب عوام مزید بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔
علامہ بلال سلیم قادری نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی صورتحال اتنی بدتر ہو چکی ہے کہ عام عوام کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ پرائیویٹائز کی گئی کمپنیاں اپنے مفاد میں کام کر رہی ہیں، اور حکمران ان سے سوال کرنے کی بجائے انہیں کھلی چھوٹ دے رہے ہیں۔
