کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے منگل کے روز ڈپٹی کمشنر اور بلدیاتی ترقیاتی و ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ ضلع شرقی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات، تعمیراتی ملبہ، اور دیگر شہری مسائل کا جائزہ لیا۔
تھیلیسیمیا اور ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے لیے نادرا سکھر میں خصوصی ڈیسک قائم
ڈپٹی کمشنر ابرار جعفر، کے ڈی اے، بلدیہ عظمیٰ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، اور ٹاؤن انتظامیہ کے میونسپل کمشنرز و افسران نے کمشنر کو ان مسائل پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے کراچی ریپڈ ٹرانزٹ بس ریڈ لائن منصوبے کے ترقیاتی کام اور متبادل راستوں کی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ ریڈ لائن منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور ٹریفک کی مشکلات کے پیش نظر متبادل راستے بہتر بنا دیے گئے ہیں، جس سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک دباؤ اور سافٹ تجاوزات کے مسائل کو ختم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کوششیں کی جائیں۔ شمامہ شاپنگ مال کے قریب پانی اور سیوریج کی بار بار ٹوٹنے والی لائنوں کے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر نے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو ان مسائل کے مستقل حل کے لیے ترجیحی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
کمشنر نے گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ، صفورا گوٹھ، محکمہ موسمیات، اور اسٹیڈیم کے اطراف کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کو اسٹیڈیم کے ارد گرد صفائی اور خوبصورتی کے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ چیف انجینئر بلدیہ عظمیٰ نے کمشنر کو بتایا کہ فٹ پاتھ کی مرمت، پودوں کی تنصیب، اور شاہراہوں کو صاف اور خوبصورت بنانے کے کام جاری ہیں۔
کمشنر نے جوہر موڑ پر میلینیم مال فلائی اوور کے نیچے کچرے کے ڈھیر کا نوٹس لیتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ کو فوری طور پر صفائی اور کچرا کنڈی ختم کرنے کی ہدایت دی۔ مزید یہ بھی کہا کہ شاہراہوں پر صفائی کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے سڑک کنارے کچرا پھینکنے والوں کی روک تھام کی جائے۔

