کراچی میں 9 فروری 2025 کو امن مشق 2025 کے ضمن میں پہلی بار دو روزہ امن ڈائیلاگ کا افتتاحی سیشن پاکستان نیول اکیڈمی میں منعقد ہوا۔ اس اہم تقریب کا اہتمام پاک بحریہ نے کیا، جس میں دنیا بھر سے بحری افواج کے سربراہان، میری ٹائم تنظیموں کے نمائندگان اور عالمی سطح کے ماہرین نے شرکت کی۔
نیول وار کالج لاہور میں انٹرنشپ پروگرام 2025 کی اختتامی تقریب، طلباء میں اسناد کی تقسیم
افتتاحی سیشن میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے استقبالیہ خطاب میں امن ڈائیلاگ کی اہمیت پر زور دیا اور سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر تجربات کے تبادلے کی ضرورت پر بات کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بحری ممالک کو ایک ساتھ مل کر قابلِ عمل حکمتِ عملی وضع کرنی ہوگی تاکہ بحری سلامتی کو مستحکم بنایا جا سکے۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ باہمی تعاون ہی بحری سلامتی کے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین طریقہ ہے۔
"محفوظ سمندر، خوشحال مستقبل” کے مرکزی موضوع کے تحت امن ڈائیلاگ میں مختلف سیشنز شامل ہیں، جن میں عالمی بحری قیادت نے میری ٹائم سلامتی، بلیو اکانومی، اور بحری تعاون جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے شریک ممالک کے بحری افواج اور کوسٹ گارڈز کے سربراہان سے انفرادی ملاقاتیں کیں، جن میں بحری مسائل اور تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

