کراچی: سندھ حکومت نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے دن کے اوقات میں ڈمپرز کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اب ڈمپرز کو صرف رات 11 بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان شہر میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
خیبرپختونخوا میں زندہ دفن نومولود بچی کو بچانے کا واقعہ: انسانیت کی جیت
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں آئی جی سندھ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے اہم فیصلے:
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو تین ماہ کے اندر کچرے کی صفائی کے عمل کو رات کے اوقات میں منتقل کرنے کا حکم دیا گیا۔
شہر میں چلنے والی تمام بھاری گاڑیوں اور ان کے ڈرائیورز کی فزیکل ویری فکیشن کا فیصلہ کیا گیا۔
تمام گاڑیوں کو محکمہ ٹرانسپورٹ سے کیو آر کوڈ والے سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا۔
واٹر بورڈ کے واٹر ٹینکرز کی ایک ماہ کے اندر مکمل انسپکشن کا حکم دیا گیا۔
موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننے کی پابندی اور ٹریفک پولیس کو اس قانون کے سختی سے نفاذ کی ہدایت دی گئی۔
ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لیے محکمہ اطلاعات کو میڈیا پر مہم چلانے کی ہدایت کی گئی۔
حادثات کی وجوہات اور حل:
چیف سیکریٹری نے بتایا کہ حادثات کی بڑی وجہ بھاری ٹریفک کے قوانین پر عمل نہ ہونا ہے۔ لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف نہ صرف چالان کیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں چلنے والی گاڑیوں میں 65 فیصد موٹر سائیکل ہیں، اور حادثات میں 55 فیصد موٹر سائیکل سوار شامل ہوتے ہیں۔
وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم (VICS) کا آغاز:
سندھ حکومت نے صوبے میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم (VICS) متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سیکریٹری نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو اس نظام کے جلد آغاز کا حکم دیا۔
ٹریفک نظام میں بہتری کی ہدایات:
چیف سیکریٹری سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت دی کہ ایک ماہ کے اندر شہر میں ٹریفک کے حالات بہتر کیے جائیں اور تمام ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔
