ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل امتیاز علی کا بارہویں باراکوڈا مشق کے موقع پر پیغام
آج کی گلوبلائزڈ دنیا میں سمندر، اس کے وسائل اور ماحول پر بنی نوع انسان کا انحصار کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ بحری سرگرمیوں میں اسی طرح کا اضافہ سمندری ماحول کے لیے خطرہ ہے۔ عالمی تجارت کا %90 سے زیادہ حصہ بحری ٹریفک کے ذریعہ ہے جو گراؤنڈنگ یا پورٹ آپریشنز کے دوران تیل یا کیمیائی رساؤ کے ذریعے سمندری آلودگی کے لیے مستقل خطرہ ہے۔ اس طرح کی آلودگی کے بروقت اور موثر کنٹرول کے لیے تمام شراکت داروں کے درمیان ہم آہنگی کے علاوہ بچاؤ کے طریقوں کی باقاعدگی سے مشق کی ضرورت ہے۔ اسی طرح انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سرچ اینڈ ریسکیو سیٹ اپ کے مقامی زمہ دار ہونے کے ناطے پاکستان کی میری ٹائم سروسز کو ایسے حالات میں جہاں انسانی جان و مال کو خطرہ لاحق ہے مربوط رد عمل کی ضرورت ہے۔
اس تناظر میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اپنی باراکوڈا مشق کی بارہویں سیریز کا انعقاد کر رہی ہے جو 2 سے 4 جنوری تک جاری رہے گی۔ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسلسل اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ مشق 2007 کے بعد سے پی ایم ایس اے کا ایک اہم جزو بن گئی ہے۔ سمندر میں تیل کے رساؤ کو کم کرنے اور اس پر قابو پانے کی اشد ضرورت 2003 میں کراچی میں ایم وی تسمان اسپرٹ کے واقعے کے بعد واضح ہوئی۔ نیشنل میرین ڈیزاسٹر کنٹیجنسی پلان کو حکومت نے 2007 میں منظور کیا جس نے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کو سمندر میں آلودگی، تیل کے رساؤ اور دیگر سمندری آفات سے نمٹنے کے لیے قومی کوششوں کی قیادت کرنے کا پابند بنایا۔ نتیجے کے طور پر پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی طرف سے مشق باراکوڈا کا تصور دیا گیا جس کا مقصد مختلف شراکت داروں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا اور ایک مربوط ردعمل کو فروغ دینا اور ممکنہ سمندری آفت کی صورت میں تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ ردعمل کے طریقہ کار کا عملی مظہر مبارک ولیج کے قریب MT AL-JWAZA اور سی ویو کے قریب MV یونگ ٹونگ سے تیل کے اخراج کی صورت میں دیکھا گیا جہاں تمام اسٹیک ہولڈرز سمندر میں تیل کے رساؤ کی تباہی سے نمٹنے کے لیے اکٹھے ہوئے۔
اس سال جیسا کہ ہم مارپول کنونشن کی 50 ویں سالگرہ منا رہے ہیں جس کے تھیم ’’50ویں سال پر ہمارا عزم جاری ہے‘‘ ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک کے ذریعے سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے IMO کی مستقل لگن کی عکاسی کرتا ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اجتماعی ذمہ داری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی میری ٹائم سیکٹر میں ایک اہم ایجنسی ہونے کے ناطے میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور ماحولیاتی مینڈیٹ کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی لگن میں پرعزم ہے۔ پاک بحریہ کے تعاون سے باراکوڈا کا انعقاد سمندری آلودگی کو روکنے کے لیے ہمارے عزم کو واضح کرتا ہے۔
ماحولیاتی کنٹرول اور انسداد آلودگی مہمات کے قومی مقاصد کو پورا کرنے کے علاوہ یہ مشق سمندری آلودگی کے واقعات بشمول سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز پر ردعمل دینے کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
میں ان دوست ممالک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہماری دعوت کا جواب دیا۔ مشق باراکوڈا کی باہمی تعاون کی نوعیت شرکاء کے درمیان علم اور تجربات کے قابل قدر تبادلے کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس مشق میں متحد ہونے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں سے سمندری آلودگی کی روک تھام، سرچ اینڈ ریسکیو اور ڈزاسٹر مینجمنٹ کے خلاف مشترکہ ردعمل کا مقصد حاصل کرنے میں مدد ملے گی میں بارھویں باراکوڈا مشق کے
افتتاحی اجلاس میں تمام قومی اسٹیک ہولڈرز اور بین الاقوامی شرکاء/مبصرین کا خیر مقدم کرتا ہوں اور مشق کے باہمی طور پر فائدہ مند ہونے کی امید کرتا ہوں۔
