یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کراچی سمیت ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیوں، تقاریب، اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ ریلی کے بعد ایک مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نجمی عالم، آزاد کشمیر سے آئے ہوئے حریت رہنما سید محمد نسیم یوسف بخاری، کمشنر کراچی، سیاسی رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، سماجی شخصیات، طلبہ و طالبات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز دو منٹ کی خاموشی کے ساتھ کیا گیا، جس میں شرکاء نے کشمیری پرچم اور یکجہتی کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ بینرز پر "کشمیر بنے گا پاکستان” اور "ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں” جیسے نعرے درج تھے، جو شرکاء کی بھرپور حمایت کو ظاہر کر رہے تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ "پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے دن کی بنیاد پاکستان پیپلز پارٹی نے رکھی اور ہر سال پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ اپنی حمایت کی تجدید کرتے ہیں۔
ریلی میں خطاب کے دوران چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ اور دیگر رہنماؤں نے کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور شہداء کو یاد کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر خصوصی دعائیں کی گئیں، جن میں کشمیر کی آزادی اور خطے میں امن کے لیے دعا کی گئی۔

