آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن (سی آر اے) کے نو منتخب اراکین نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ملاقات کی۔ 11 رکنی وفد کی قیادت سی آر اے کے صدر شاہد انجم اور نائب صدر بابر سلیم نے کی، جبکہ وفد میں سیکریٹری ندیم احمد، جوائنٹ سیکریٹری فیاض یونس، سیکریٹری اطلاعات عباد الحسن عثمانی اور گورننگ باڈی کے دیگر اراکین شامل تھے۔
تھانہ سہراب گوٹھ پولیس کی کارروائی، اسٹریٹ کرمنل گرفتار
ملاقات کے دوران وفد نے ایسوسی ایشن کے قیام کے اغراض و مقاصد، صحافتی ذمہ داریوں کے دوران درپیش چیلنجز اور مسائل پر گفتگو کی۔ آئی جی سندھ نے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن اور سندھ پولیس کے اشتراک سے تربیتی پروگرامز اور کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے لیے ورکشاپس اور سیمینارز منعقد کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
آئی جی سندھ نے صحافی شعیب برنی اور ندیم خان پر قاتلانہ حملوں کے کیسز پر سنجیدہ اقدامات اور تفتیش میں تمام پہلوؤں، پس پردہ عوامل، اور محرکات پر خصوصی توجہ دینے کا ذکر کیا۔
آئی جی سندھ نے زور دیا کہ پولیس کے عوام دوست اقدامات اور مثبت پہلوؤں کو بھی ویسی ہی کوریج ملنی چاہیے جیسے منفی پروپیگنڈے کو ملتی ہے۔ انہوں نے فیک نیوز اور منفی مواد کی تشہیر کی حوصلہ شکنی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام اور پولیس کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ بحیثیت آئی جی سندھ، وہ تمام اسٹیک ہولڈرز، میڈیا اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ ان کی تمام تر کوششیں مفاد عامہ اور پولیس کی فلاح و بہبود کے لیے ہیں۔


