ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایت پر، بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے، جس کے دوران گداگری اور جعل سازی میں ملوث خاتون سمیت دو مسافروں کی بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت صحت خاتون اور احسان کے نام سے ہوئی ہے۔
اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار
گرفتار ملزمہ صحت خاتون بحرین جانے کی کوشش کر رہی تھی اور اس کا نام بلیٹ لسٹ میں شامل تھا۔ ریکارڈ کے مطابق، ملزمہ سعودی عرب اور قطر میں گداگری کے کیسز میں ملوث رہی ہے اور اسے سعودی عرب سے ڈیپورٹ کیا جا چکا ہے۔ اس خاتون نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک ایجنٹ خدا بخش سے رابطہ کیا تھا اور مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کر کے سعودی عرب جانے کی کوشش کی تھی۔
دوسری جانب، احسان نامی ملزم سینیگال سے پاکستان پہنچا تھا اور اس کی امیگریشن دستاویزات مشکوک پائی گئیں۔ اس کے پاسپورٹ پر اٹلی کی جعلی امیگریشن اسٹیمپ لگی ہوئی تھی، جس کے بارے میں تفتیش سے پتا چلا کہ اس نے شیخوپورہ کے رہائشی انصر نامی ایجنٹ سے 30 لاکھ روپے میں جعلی دستاویزات تیار کرائیں۔
دونوں گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

