وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیجیٹائزیشن، اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کی ترویج نہ صرف ملک کی معیشت کے لیے سودمند ہے بلکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کو راغب کرنے کا بھی ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
مراکش کشتی حادثہ: 21 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی
ڈان اخبار کے مطابق، وزیراعظم نے ان اقدامات کو سرمایہ کاروں کے لیے ایک سازگار ماحول کی تشکیل کی جانب اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے ورلڈ اکنامک فورم (WEF) اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (DCO) کے مشترکہ منصوبے میں پاکستان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔
وزیراعظم کے مطابق، پاکستان WEF فریم ورک کے تحت عالمی سطح پر ڈیجیٹل ایف ڈی آئی کو اپنانے والا پہلا ملک بن چکا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ڈیجیٹل ترقی کو تیز کرنا اور اہم اہداف کی نشاندہی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل سروسز کی برآمد پر مبنی یہ فریم ورک ملک میں پائیدار ترقی کے ساتھ خوشحالی کی بنیاد رکھے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان جامع ڈیجیٹل معیشت کی تعمیر کی جانب گامزن ہے، جو مستقبل کی معاشی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوگی۔
