کراچی کے ضلع کیماڑی میں تھانہ سائٹ اے کی حدود سے گذشتہ روز لاپتہ ہونے والے دو کمسن بچے بازیاب کر لیے گئے۔ محمد اسلام نامی شہری کے بچے، 12 سالہ شیراز اور 9 سالہ ارباز، جو مدرسہ میں زیر تعلیم تھے، 14 جنوری کو لنچ بریک کے دوران گھر آئے اور الماری کا لاکر توڑ کر 15 ہزار روپے لے کر لاپتہ ہوگئے۔
138 ارکان اسمبلی اور سینیٹرز کی رکنیت معطل، مالی گوشوارے جمع نہ کروانے پر کارروائی
والدین نے بچوں کی گمشدگی کی اطلاع تھانہ سائٹ اے میں درج کرائی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ضلع کیماڑی کی ہدایت پر ایس ایچ او چودھری جاوید اختر نے ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر تلاش شروع کی۔
پولیس اور والدین کی مشترکہ کوششوں سے دونوں بچوں کو 24 گھنٹے بعد بازیاب کر لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، بچے مدرسہ سے فرار حاصل کرنے اور والدہ کی مار پیٹ سے بچنے کے لیے گھر سے بھاگے تھے۔
پولیس نے والدین اور معاشرے سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کمسن بچوں کے ساتھ شائستہ اور دوستانہ رویہ اختیار کریں تاکہ بچے اپنی پریشانیاں والدین سے شیئر کر سکیں اور اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔