کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی میں غیر معیاری آر او پلانٹس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے، جس کے نتیجے میں ضلع جنوبی میں 8 اور ضلع شرقی میں 3 آر او پلانٹس سیل کر دیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو کے مطابق، ان پلانٹس کے معائنے میں مائیکروبیل آلودگی اور آلات کی ناقص حالت کا انکشاف ہوا۔
حیدرآباد میں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی کامیاب کارروائی، 6 کلو چرس برآمد، ایک ملزم گرفتار
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ کئی پلانٹس میں زنگ آلود آلات استعمال کیے جا رہے تھے اور پانی کے ٹینکوں کی صفائی نہیں کی گئی تھی، جبکہ فلٹر بھی طویل عرصے سے تبدیل نہیں کیے گئے تھے۔ یہ کارروائیاں سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات پر کی جا رہی ہیں۔
مزمل حسین ہالیپوٹو کا کہنا تھا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی عالمی ادارہ صحت کے معیارات کے مطابق پانی کی جانچ کو یقینی بنا رہی ہے اور اب تک صوبے بھر میں 463 فوڈ بزنس یونٹس اور آر او پلانٹس کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں کیمیکل ملے دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔