پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کو وعدے وفا کرنا آتا ہے، مئیر کراچی

پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کو وعدے وفا کرنا آتا ہے، مئیر کراچی

مسئلہ اختیارات کا نہیں نیت کا تھا،ہماری کوشش ہے کہ شہر میں کھیلوں کے میدان قائم ہوں، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی اسٹاف رپورٹ تشکُّر نیوز) مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کو وعدے وفا کرنا آتا ہے، 8فروری کو حکومت ہم ہی بنائیں گے، نفرت، تفریق، قبضے اور چائنا کٹنگ کی سیاست کو دفن کردیا ہے، تمام چیزوں سے بالاتر ہو کر صرف قومی مفاد کے لئے کام کریں گے ،وہ افراد جو کہتے تھے ہمارے پاس اختیارات نہیں ہیں،پیپلز پارٹی نے کام کرکے ثابت کیا کہ مسئلہ اختیارات کا نہیں نیت کا تھا،ہماری کوشش ہے کہ شہر کے ہر حصے میں کھیلوں کے میدان اور اسٹیڈیم قائم ہوں، کھیلوں کی سرگرمیاں ہماری نوجوان نسل کے لئے انتہائی ضروری ہیں،یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز کورنگی ناصر کالونی میں نوتزئین شدہ فٹ بال اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کورنگی ٹائون کے وائس چیئرمین ، پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماء اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کورنگی کے اس علاقے میں فٹ بال کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور یہاں ایک معیاری فٹ بال اسٹیڈیم کی ضرورت تھی، پیپلز پارٹی کی قیادت نے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کورنگی فٹ بال اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا تاکہ نوجوانوں کو کھیل و تفریح کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں، انہوں نے کہا کہ مجھے ناصر کالونی کے اسپورٹس گراؤنڈ کو دیکھ کرخوشی ہوئی ہے، یہاں کے بچوں کا مطالبہ منظور کرتاہوں کہ یہاں پچ بنا کردیں گے،اس کے علاوہ جلد ہی پارٹی کے دوستوں کی خواہش کے مطابق کے ایم سی یہاں لائٹس بھی لگائے گی جس کا پی سی ون انہوں نے بنایا ہوا ہے لیکن رات کو یہاں شادیوں کی تقریبات نہیں ہونی چاہئیں، میئر کراچی نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جو گراؤنڈ ہم بنواتے ہیں وہاں دیگر سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی تقریبات منعقد کرتی ہیں، عید گاہ گراؤنڈ میں دوسری سیاسی جماعت نے کیلیں ٹھونک دیں، یہ طرز عمل درست نہیں، اب چائنا کٹنگ کا دور نہیں رہا، اس گراؤنڈ کے باہر بھی ایک سیاسی جماعت نے اپنے پرچم بنائے ہوئے تھے ہم نے انہیں مٹایا کیونکہ بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں اور بہتر ہوگا کہ کھیل کے میدانوں کو سیاست سے دور رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ ہم جلد ہی پاکستان کی پہلی میٹروپولیٹن یونیورسٹی بنانے جارہے ہیںجو اپنی نوعیت کی پہلی یونیورسٹی ہوگی، اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل ہیں، اس یونیورسٹی کے تحت آئی ٹی پروگرام، بزنس پروگرام سمیت دیگر پروگراموں کو فعال کریں گے جس سے نوجوانوں کو اپنا مستقبل بنانے میں بہت مدد ملے گی، آج یہاں میں کورنگی یونیورسٹی کیمپس کی منظوری بھی دیتا ہوں جہاں آپ کے فیصلے کے مطابق پروگرام بنا کر دوںگا،انہوں نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق کے ایم سی اور ٹاؤنز میں کام ہوتا رہے گا اور کراچی کے شہریوں کو اس کے فوائد حاصل ہوں گے، کورنگی کاز وے پل کا تعمیراتی کام شروع ہوگیا ہے،بارشوں کے دوران یہ علاقہ شہر سے کٹ جاتا تھا جس کی وجہ سے صنعتکاروں ، مزدوروں اور دیگر شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، ایک سال بعد کورنگی کاز وے پل کی تعمیر سے ملیر ندی کے اوور فلو ہونے کی شکایت دور ہوجائے گی اور یہاں سے ٹریفک بغیر کسی دشواری کے گزر سکے گی، میئر کراچی نے کہا کہ کورنگی کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دینا چاہوں گا، کراچی میں رہنے والے مسیحی برادری کے لوگوں کی خوشیوں میں ہم شریک ہیں اور کرسمس کے موقع پر تمام گرجا گھروں کے اطراف کے ایم سی کی جانب سے ہرممکن بہتر بلدیاتی سہولیات مہیا کی جائیں گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!