تشکر نیوز: شہر بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں روایتی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں، لیکن حالیہ بارشوں کے سبب سڑکوں کی تباہ حالی اور سیوریج کے ابلتے گندے پانی کی وجہ سے عاشقان رسول ﷺ گہری تشویش کا شکار ہیں۔ جلوسوں اور محافل کے انتظامات میں شامل مختلف اہلسنت جلوس انتظامی انجمنوں، علماء و مشائخ اور شرکاء نے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے عدم توجہ پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
نیو کراچی ٹاؤن کے بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے اجلاس، صحت مند ماحول کی فراہمی پر زور
عوام کا کہنا ہے کہ ماضی میں عید میلاد النبی ﷺ جیسے مقدس دن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی نمائندے سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، اور کچرا صاف کرنے جیسے امور کو خصوصی اہمیت دیتے تھے۔ لیکن امسال انتظامیہ کی جانب سے میلاد النبی ﷺ کے جلوس اور محافل کے روٹس کو نظرانداز کیا جانا انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔
تمام عاشقان رسول ﷺ نے حکومت سندھ اور میئر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کے روٹس، جلسہ گاہوں اور محافل کے مقامات پر سڑکوں کی مرمت، گٹر لائنوں کی بحالی، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی، اور صفائی کا کام شروع کیا جائے۔
میلاد النبی ﷺ کمیٹی اور علماء و مشائخ نے عاشقان رسول ﷺ سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی آواز بلند کریں اور جلوسوں کی گذرگاہوں کی بہتری کے لیے اپنے منصب اور حیثیت کے مطابق مثبت کردار ادا کریں، تاکہ یہ مقدس موقع خیر و برکت کا باعث بنے۔