تشکر نیوز: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے اعلان کیا ہے کہ کارساز میں پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والے باپ اور بیٹی کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا، اور سندھ حکومت ان کے ورثاء کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ سعید غنی نے بدھ کے روز اسکیم 33 میں واقع جاں بحق عمران اور آمنہ کے گھر میں ان کے بیٹے اور دیگر اہلخانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ سندھ شاہینہ شیر علی، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، سینئر نائب صدر سرور خان غازی، ڈپٹی کمشنر ایسٹ شہزاد عباسی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی محمود آباد میں کاروائی ۔
سعید غنی نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے واقعے سے متعلق تمام معلومات حاصل کر لی ہیں اور متعلقہ افسران سے بھی بات چیت کی ہے۔ وزیر اعلٰی سندھ نے بھی اس سانحے پر سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ سعید غنی نے یقین دلایا کہ مرحومین کے اہلخانہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے جناح اسپتال کے ڈاکٹروں سے بھی تفصیلات حاصل کی ہیں اور پولیس کو ہدایات دی ہیں کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں اور جو خاتون اس حادثے کی ذمہ دار ہے، اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔